news
امریکہ کا پاک بھارت جنگ میں مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد/واشنگٹن: امریکہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی میں براہ راست مداخلت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں کہا کہ امریکہ ایسی جنگ میں ملوث نہیں ہوگا جس سے اسے کوئی براہ راست فائدہ نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پہل کی، پاکستان نے جواب دیا، دونوں ممالک کو اب ٹھنڈے دماغ سے سوچنا ہوگا کیونکہ یہ جنگ ایٹمی تصادم میں تبدیل نہیں ہونی چاہیے۔
جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ امریکہ فی الحال صورتِ حال کا بغور جائزہ لے رہا ہے لیکن ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ یہ تنازع ایٹمی جنگ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ فریق بننے کے بجائے سفارتکاری کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کرے گا۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا جس میں انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے دونوں ممالک پر کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔ وزیر خارجہ نے شہری ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ جنوبی ایشیا کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے امریکہ کے مؤقف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے بھی تصدیق کی کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور مارکو روبیو کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں پاک بھارت مذاکرات کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔