news
لائن آف کنٹرول پر بھارتی گولہ باری، 4 شہری شہید، پاک فوج کا بھرپور جوابی حملہ
آزاد کشمیر: لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلااشتعال گولہ باری کے نتیجے میں نومولود بچی سمیت 4 شہری شہید اور 12 زخمی ہو گئے۔ بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ، وادی نیلم، باغ، راولا کوٹ اور دیگر سیکٹرز میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، جس سے گھروں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔
وادی نیلم کے ڈپٹی کمشنر نے بھارتی اشتعال انگیزی کی شدید مذمت کی اور شہریوں سے محتاط رہنے کی اپیل کی، جبکہ نوجوانوں کو فوج کے ساتھ کھڑے ہونے کی تلقین کی گئی۔
جوابی کارروائی میں پاک فوج نے بھارتی فوج کی کئی چیک پوسٹیں، بشمول ڈوبہ مور پوسٹ، سوجی بٹالین ہیڈ کوارٹر، جبار اینڈ ترکھیاں کمپلیکس اور جھنڈا زیارت پوسٹ مکمل طور پر تباہ کر دیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کو ان حملوں میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔
اس کے علاوہ، باغسر سیکٹر میں پاک فوج نے بھارت کا ایک کواڈ کاپٹر بھی مار گرایا جو پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔
پاک فوج کے بروقت اور مؤثر ردعمل سے دشمن کی توپیں خاموش ہو گئیں، جبکہ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی پاک فوج کی کاری ضربوں سے کئی بھارتی چیک پوسٹوں پر سفید جھنڈا لہرایا گیا۔