news
پاکستانی ایف-16 گرائے جانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹا، ڈی جی آئی ایس پی آر کی وضاحت
اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی جانب سے پاکستانی ایف-16 طیارہ گرانے کے دعوے کو سفید جھوٹ اور فیک خبر قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع اور فوجی ترجمان کے مطابق بھارت اپنے خود گرے ہوئے طیاروں کی خفت مٹانے کے لیے جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے۔
بھارتی میڈیا پر نشر کی گئی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان کا ایف-16 طیارہ بھارتی کارروائی میں مار گرایا گیا ہے۔ تاہم پاکستانی سیکیورٹی ذرائع نے ان رپورٹس کو “جھوٹ کا پلندہ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
بھارتی میڈیا نے اس کے علاوہ بارڈر سیکیورٹی فورس، ایئرپورٹس اور آرمی کیمپس پر حملوں کا بھی بے بنیاد پروپیگنڈا کیا۔ بھارتی دعوے کے مطابق مقبوضہ جموں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور فضائی حملے کے سائرن بجے، جسے پاکستان نے واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بھارت کی طرف سے ایک اور ڈرامائی بیانیہ ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ نیوز کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھی ان دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خود اپنی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا رہا ہے اور جھوٹے الزامات لگا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کر رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا، “بھارت کا یہ دعویٰ کہ پاکستان نے اس پر 15 مقامات پر میزائل حملے کیے، انتہائی مضحکہ خیز ہے، کیونکہ جہاں یہ میزائل گرے وہاں صرف خشک گھاس پڑی ہے، آگ بھی نہیں لگی۔” انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو اب فلمی دنیا سے باہر نکل کر زمینی حقائق کا سامنا کرنا ہوگا۔