news

ڈی جی آئی ایس پی آر: بھارت پر حملے کا الزام جھوٹ، پاکستان نے کوئی میزائل نہیں داغا

Published

on

پاک فوج کے ترجمان نے بھارت کے حملے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ڈرون حملے صرف ایک ہدف کو نشانہ بنا سکے، جس میں کچھ آلات کو نقصان پہنچا اور 3 افراد کی جانیں گئیں۔ تفصیلات کے مطابق، جمعرات کی شام نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ نیوز کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بتایا کہ بھارتی فوج نے امرتسر میں اپنی ہی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور آدم پور سے پروجیکٹائل خود فائر کیے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ بھارت کا 15 مقامات پر حملے کا الزام بالکل بے بنیاد ہے۔ بھارت یہ دعویٰ کرتا ہے کہ پاکستان نے اس پر میزائل داغے، لیکن جہاں یہ میزائل گرے، وہاں صرف خشک گھاس تھی، کم از کم اس میں آگ ہی لگا دیتے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بھارت کب اپنی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقت کی دنیا میں آئے گا؟ پاکستان بھارت سے آنے والی ہر چیز کی نگرانی کر رہا ہے اور گرائے جانے والے بھارتی ڈرونز کا فرانزک معائنہ کیا جا رہا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آج بھارت کے کل 29 ڈرونز گرائے گئے، جن میں سے صرف ایک ہی اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکا، جس میں کچھ آلات کو نقصان پہنچا اور 3 افراد کی جانیں گئیں، جبکہ 4 فوجی جوان زخمی ہوئے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے یہ بھی کہا کہ بھارت ڈراموں کے ذریعے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے، جیسا کہ 2019 میں ہوا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version