news
پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل 10 کا میچ منسوخ
راولپنڈی: پاک بھارت کشیدہ حالات کے پیش نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے 10ویں ایڈیشن کا آج راولپنڈی میں کھیلا جانے والا میچ منسوخ کر دیا گیا ہے۔ منسوخ ہونے والا میچ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونا تھا۔
ذرائع کے مطابق موجودہ سیکیورٹی صورتحال، فضائی حدود کی بندش اور داخلی سلامتی کے خدشات کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)، وزیر داخلہ محسن نقوی اور پی ایس ایل کے دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اہم اجلاس جاری ہے، جس میں ٹورنامنٹ کے باقی میچز سے متعلق فیصلہ کیا جا رہا ہے۔
پی ایس ایل کے پلے آف مرحلے سے قبل چار لیگ میچز باقی ہیں، جن کے انعقاد پر بھی غیر یقینی صورتحال چھا گئی ہے۔ حکام کے مطابق اگر بین الاقوامی سطح پر میچز کی منتقلی ممکن نہ ہو سکی تو باقی تمام مقابلے کراچی میں کرائے جا سکتے ہیں۔ دبئی یا دوحا منتقلی پر بھی غور جاری ہے۔
فیصلہ آج شام تک متوقع ہے، جب کہ شائقین کرکٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والی تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں۔