news
پاکستان: چکوال اور گھوٹکی میں ڈرون حملے، فلائٹ آپریشن معطل
اسلام آباد / لاہور / کراچی: پاکستان میں بڑھتے سکیورٹی خدشات کے باعث ملک کے مختلف حصوں میں ڈرون حملوں کی اطلاعات ملی ہیں۔ پنجاب کے ضلع چکوال میں ڈھمن کے علاقے دیوالیاں کے قریب ایک ڈرون گرنے کی اطلاع ہے، جہاں پولیس نے فوری طور پر ڈرون کا ملبہ قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
ادھر سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل ڈہرکی میں ایک زوردار دھماکے سے ڈرون پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور دو زخمی ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ چکی ہیں اور واقعے کی نوعیت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ان واقعات کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے حفاظتی اقدامات کے تحت اسلام آباد، لاہور، کراچی اور سیالکوٹ سمیت کئی شہروں کے فلائٹ آپریشنز کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔ جاری کردہ NOTAM (نوٹس ٹو ایئر مین) کے مطابق، ان شہروں کی فضائی حدود آج دوپہر 12 بجے تک کمرشل پروازوں کے لیے بند رہیں گی۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوام کی سلامتی کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے، تمام ایئرلائنز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں اور مسافروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کے بارے میں تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئرلائنز سے رابطے میں رہیں۔