news

لاہور میں تین زوردار دھماکے، گجرات میں ڈرون گرنے کی اطلاعات

Published

on

لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقے والٹن روڈ اور اس کے اطراف گوپال نگر اور نصیرآباد میں بدھ کی شب یکے بعد دیگرے تین زوردار دھماکے ہوئے، جن سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکوں کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی، تاہم فی الوقت دھماکوں کی نوعیت اور وجہ کے بارے میں کوئی سرکاری تصدیق سامنے نہیں آئی۔

عینی شاہدین کے مطابق دھماکوں کی آوازیں پرانے ایئرپورٹ کی جانب سے سنائی دیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور فائر فائٹنگ گاڑیاں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب پنجاب کے شہر گجرات کے علاقے ڈنگہ میں کھیتوں میں ایک ڈرون گرنے کی اطلاعات ملی ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر ریسکیو اور پولیس اہلکار موجود ہیں جنہوں نے ڈرون کے ملبے کو اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کے بعد آسمان پر سرخ روشنی دکھائی دی اور ایک چیز نیچے گرتی نظر آئی۔

دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں اور سکیورٹی ادارے کسی ممکنہ تعلق کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version