news
پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کی سروسز بحال
اسلام آباد:
پاکستان میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) کی سروسز فروری 2024 میں پابندی کے بعد ایک سال سے زائد عرصے بعد بحال کر دی گئی ہیں۔
یہ فیصلہ موجودہ جنگی حالات اور بھارت کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں بیانیے کی جنگ میں مؤثر شرکت کے لیے کیا گیا۔
بدھ کے روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی کا اجلاس چیئرپرسن پلوشہ خان کی صدارت میں ہوا، جہاں چیئرمین پی ٹی اے نے “ایکس” کی بحالی کی تصدیق کی۔ پلوشہ خان نے کہا کہ ایکس کی سروسز رات کے وقت پاکستان میں بحال کر دی گئی ہیں۔
اجلاس میں کمیٹی اراکین نے بھارتی حملے کی شدید مذمت کی اور پاک فوج اور فضائیہ کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ پلوشہ خان نے کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، جس کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔
یاد رہے کہ “ایکس” پر پابندی ملک میں سیاسی کشیدگی، جھوٹی اطلاعات اور حساس مواد کی روک تھام کے لیے لگائی گئی تھی۔ اس وقت حکومت کا مؤقف تھا کہ یہ اقدام قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر تھا۔
اب جب کہ پاکستان کو سائبر بیانیے کے محاذ پر سرگرم کردار ادا کرنا ہے، “ایکس” کی بحالی ایک اہم اسٹریٹجک قدم سمجھا جا رہا ہے۔