news
پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ایئرلائنز کو 275 کروڑ کا نقصان
کراچی:
پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کے باعث 13 دنوں میں بھارتی ایئرلائنز کو شدید مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق، 1350 بھارتی پروازیں متاثر ہوچکی ہیں اور اب تک بھارتی ایئرلائنز کو 275 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے۔
متاثرہ ایئرلائنز میں ایئر انڈیا، انڈیگو، اسپائس جیٹ، آکاسا ایئر، اور ایئر انڈیا ایکسپریس شامل ہیں، جنہیں پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے کے باعث متبادل اور طویل روٹس اختیار کرنا پڑ رہے ہیں۔
طویل راستوں سے گزرنے کی وجہ سے فیول، لینڈنگ، ری فیولنگ اور عملے کی تبدیلی جیسے آپریشنل اخراجات میں دگنا اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔
انڈیگو ایئر کی تاشقند اور الماتی کی پروازیں بند ہیں، جبکہ امریکا، برطانیہ اور یورپ جانے والی پروازوں کا دورانیہ 4 سے 10 گھنٹے بڑھ چکا ہے۔
اس کے علاوہ، پروازوں کی منسوخی کے باعث ہزاروں بھارتی مسافروں کو ریفنڈز بھی نہیں مل سکے، جس پر مسافروں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
یہ صورتحال بھارت کی سول ایوی ایشن انڈسٹری کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے، جو اب مالی اور آپریشنل دباؤ میں ہے۔