news
وزیراعظم شہباز شریف کا قوم سے خطاب کا فیصلہ، بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا اعلان
پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدگی کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعظم عوام کو موجودہ صورتحال، بھارتی حملوں اور پاکستان کے ردعمل سے متعلق اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے، جبکہ ان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جو دو گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف، وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احسن اقبال اور مصدق ملک شریک ہوئے۔
اجلاس میں بھارتی حملوں کے بعد کی صورتحال، پاکستان کی جوابی کارروائی، اور آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ عسکری حکام نے بریفنگ دی کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے بعد فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے 5 جنگی طیارے مار گرائے اور بریگیڈ ہیڈکوارٹر کو تباہ کر دیا۔
وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا:
“ساری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دشمن کے ہر بزدلانہ اقدام کا دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ قبل ازیں وزیراعظم نے بھارتی حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ:
“مکار دشمن نے رات کے اندھیرے میں پاکستان کے 5 مقامات پر بزدلانہ حملے کیے، پاکستان دشمن کی مسلط کردہ جنگ کا جواب دینا خوب جانتا ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، اور دشمن کو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہونے نہیں دیا جائے گا