news
ڈی جی آئی ایس پی آر: بھارت کی غلط فہمی دور کر دی جائے گی، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر حملہ ناقابل قبول
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان صرف دفاع میں کارروائی کر رہا ہے، تاہم دشمن کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر حملہ کرتے ہوئے نوسیری ڈیم کے اسٹرکچر کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی یہ آبی جارحیت انتہائی خطرناک اور ناقابل قبول ہے، جس کے سنگین نتائج ہوں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت نے پاکستان میں نہ صرف عام شہریوں بلکہ مساجد اور عبادت گاہوں کو بھی نشانہ بنایا، جو ہندتوا نظریے کی تنگ نظری کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مسلمانوں سمیت اقلیتوں کو دبانے اور نشانہ بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی حملے کے چند لمحوں بعد ہی فوری اور مؤثر جواب دیا، جس میں بھارت کے 5 جنگی طیارے اور ایک ہیرون ڈرون مار گرایا گیا۔ تباہ کیے گئے طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29، ایک سخوئی 30 شامل ہیں، جبکہ بھٹنڈا، جموں، اونتی پور، اکھنور اور سری نگر میں طیارے گرے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق، ان طیاروں کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ پاکستان کے شہری علاقوں پر حملے کر رہے تھے۔ پاک فضائیہ نے دشمن کے کسی بھی طیارے کو پاکستانی فضائی حدود میں داخل نہیں ہونے دیا اور خود بھی بھارتی حدود میں داخل نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اگر چاہا جاتا تو دشمن کے 10 سے زائد طیارے مار گرائے جا سکتے تھے، لیکن پاکستان نے ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے عالمی برادری کو باور کرایا کہ جن مقامات پر بھارت نے حملہ کیا، وہ پہلے ہی ملکی و غیر ملکی میڈیا کے معائنے میں تھے اور وہاں بھارتی الزامات کے کوئی شواہد موجود نہیں تھے