news
وزیراعظم کا آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز کا دورہ، قومی سلامتی پر اعلیٰ سطحی بریفنگ
اسلام آباد:
وزیراعظم شہباز شریف نے مسلح افواج کے سربراہان کے ہمراہ انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں ملکی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف بھی موجود تھے۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق، وزیراعظم کو مشرقی سرحد پر بھارت کے اشتعال انگیز رویے اور روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔ ساتھ ہی علاقائی سلامتی، ہائبرڈ وار فیئر، دہشت گردی کے پراکسی نیٹ ورکس اور نئے سیکیورٹی چیلنجز پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم اور قومی قیادت نے ملکی خودمختاری و سالمیت کی حفاظت کے لیے بلا تعطل ادارہ جاتی ہم آہنگی، قومی نگرانی اور آپریشنل تیاریوں کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ وزیراعظم نے آئی ایس آئی کی پیشہ ورانہ مہارت اور اسٹریٹجک فہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ مشکل حالات میں بروقت فیصلے لینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا:
“پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ پاک فوج دنیا کی بہترین پیشہ ور اور منظم افواج میں سے ایک ہے۔ عوامی حمایت کے ساتھ ریاستی ادارے وطن عزیز کی سلامتی، وقار اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔”
قومی قیادت نے ایک بار پھر پاکستان کے دفاع کے لیے دوٹوک عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ تمام ریاستی ادارے، سیاسی قیادت اور عوام مل کر دشمن کی ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے۔
دوسری جانب، ایک روز قبل وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سیاسی قیادت کو پاک بھارت کشیدگی پر ان کیمرہ بریفنگ دی۔ اس اجلاس میں مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم، جے یو آئی، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر، بلوچستان عوامی پارٹی سمیت کئی جماعتوں نے شرکت کی، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بریفنگ میں شرکت نہیں کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا:
“پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے، لیکن اگر پاکستان پر جارحیت مسلط کی گئی تو افواج پاکستان منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔”