news
ٹیکسٹائل انڈسٹری بحران کا شکار، اپٹما کا امریکی کاٹن درآمد سے انکار
اسلام آباد: اپٹما کا امریکی کاٹن کی درآمد سے انکار، ای ایف ایس اسکیم کے خاتمے تک گارنٹی نہ دینے کا اعلان
اسلام آباد میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس کے دوران آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے امریکہ سے کاٹن درآمد کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کی۔
اپٹما کے چیئرمین کامران ارشد نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ ٹیرف کے بعد امریکی کاٹن کی درآمد پر غور ممکن نہیں، جب تک ایکسپورٹ فسیلیٹیشن اسکیم (ای ایف ایس) کا خاتمہ نہیں کیا جاتا، تب تک حکومت کو کوئی گارنٹی نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یارن اور فیبرک کو نیگیٹو لسٹ میں شامل کر کے 18 فیصد سیلز ٹیکس نافذ کیا جائے۔
کامران ارشد نے کہا کہ ای ایف ایس اسکیم کے تحت درآمدی کاٹن کو ڈیوٹی فری کر دیا گیا جبکہ مقامی کاٹن پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے۔ ان کے مطابق، اس اسکیم کے باعث ٹیکسٹائل انڈسٹری تباہی کے دہانے پر ہے اور ایف بی آر کو گزشتہ 11 ماہ سے اس پر سمجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ای ایف ایس اسکیم میں 800 سے زائد فراڈز پر ایف آئی آرز درج ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ:
بجلی کی قیمت 9 سینٹ فی یونٹ مقرر کی جائے۔
ایڈوانس ٹیکس کو 2.5 فیصد سے کم کر کے 1 فیصد کیا جائے۔
نارمل ٹیکس 29 فیصد کم کر کے ریلیف دیا جائے۔
چیئرمین اپٹما نے بتایا کہ:
گیس کی قیمت میں اضافہ ہو چکا ہے۔
120 اسپننگ ملز اور 800 کاٹن جیننگ فیکٹریاں بند ہو چکی ہیں۔
رواں سال ٹیکسٹائل برآمدات 18 ارب ڈالرز سے کم رہنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین پر ٹیرف لگنے سے پاکستان کو برآمدی مواقع میسر آ سکتے ہیں، تاہم بھارت نے پاکستان کی درآمدات پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے، اور شپنگ کمپنیاں بھی ایکسپورٹ آرڈرز اٹھانے سے انکار کر رہی ہیں۔
اجلاس میں دیگر کاروباری ایسوسی ایشنز نے بھی بجٹ تجاویز پیش کیں:
ڈیری ایسوسی ایشن نے ڈبہ پیک دودھ پر ٹیکس 10 فیصد سے کم کرنے کا مطالبہ کیا۔
فروٹ جوسز ایسوسی ایشن نے ڈبہ پیک جوسز پر ایکسائز ڈیوٹی 10 فیصد کرنے کی سفارش کی۔