news

ٹیکنو فیسٹ 2025: پاکستانی طالبات نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی

Published

on

ترکیہ میں منعقد ہونے والے عالمی سائنسی مقابلے ٹیکنو فیسٹ 2025 میں پاکستان کی طالبات نے تاریخ رقم کر دی۔ لاہور کے ڈریم گارڈن کیمپس سے تعلق رکھنے والی عاصمہ فاطمہ اور انائیہ خان نے پہلی پوزیشن حاصل کر کے ملک و قوم کا نام روشن کر دیا۔

یہ بین الاقوامی مقابلہ ایروسپیس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور جدید ایجادات کے شعبوں میں منعقد کیا گیا جس میں دنیا بھر سے سیکڑوں باصلاحیت طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ پاکستانی طالبات نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام شرکاء پر سبقت حاصل کی۔

اس اہم موقع پر منعقدہ خصوصی تقریب میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کامیاب طالبات سے ملاقات کی، ان کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں ایوارڈز سے نوازا۔ طالبات نے ایوارڈ وصول کرتے وقت قومی پرچم بلند کیا اور فلک شگاف “پاکستان زندہ باد” اور “پاک ترکیہ دوستی پائندہ باد” کے نعرے لگائے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ پاکستانی طالبات کو ترک صدر سے براہ راست ایوارڈ حاصل کرنے اور ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔

عاصمہ فاطمہ اور انائیہ خان کا تعلق پاک ترک معارف انٹرنیشنل اسکولز سے ہے، جو دنیا کے 53 ممالک میں معیاری تعلیم فراہم کرنے والا ادارہ ہے۔ پاکستان میں اس فاؤنڈیشن کی 25 شاخیں ہیں جن میں 13 ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔

اس وفد کی قیادت گوہر خورشید نے کی، جنہوں نے اس کامیابی کو ادارے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لیے ایک اعزاز قرار دیا۔ طالبات نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی وطن عزیز کے نام ہے اور وہ مستقبل میں بھی پاکستان کا نام مزید روشن کرنے کا عزم رکھتی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version