news

پاکستان کا پہلا لانگ رینج ریڈار AM 350 S تیار، 450 کلومیٹر تک نگرانی کی صلاحیت

Published

on

پاکستان نے دفاعی شعبے میں ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلا لانگ رینج زمینی نگران ریڈار ایجاد کر لیا ہے، جس کی مدد سے 450 کلومیٹر دور دشمن کی توپوں، ٹینکوں اور دیگر عسکری سرگرمیوں پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق، یہ جدید ریڈار AM 350 S سرکاری ادارے این آر ٹی سی اور نجی دفاعی ٹیکنالوجی کمپنی بلیو سرج کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ ریڈار مکمل طور پر مقامی سطح پر ڈیزائن اور تیار کیا گیا ہے، اور اسے ٹرک پر نصب کرکے کسی بھی مقام پر لے جایا جا سکتا ہے۔

AM 350 S ریڈار نہ صرف 350 کلومیٹر دور تک دشمن کی نگرانی کرتا ہے بلکہ 60 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرنے والے طیارے کو بھی شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میں نصب جدید ٹیکنالوجی دشمن کی جانب سے اس ریڈار کو جام کرنے کی کوششوں کو بھی ناکام بناتی ہے۔

یہ ریڈار S Band اور AESA ٹیکنالوجی سے لیس ہے، جو شدید موسمی حالات جیسے دھند، بارش اور طوفان میں بھی مؤثر طریقے سے کام کرتا ہے۔ اسے صرف 30 منٹ میں آپریشنل بنایا جا سکتا ہے اور اس کے لیے محض 400 واٹ بجلی کی ضرورت ہوتی ہے۔ دفاعی ماہرین اسے پاکستانی انجینیئرز کی مہارت، محنت اور عسکری ٹیکنالوجی کی ترقی کا مظہر قرار دے رہے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی، پاکستان نے فتح سیریز کے زمین سے زمین پر مار کرنے والے جدید میزائل کا بھی کامیاب تجربہ کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، 120 کلومیٹر تک مار کرنے والا یہ میزائل جدید نیوی گیشن سسٹم سے لیس ہے اور اس کا تجربہ فوج کی آپریشنل تیاری اور تکنیکی صلاحیتوں کی توثیق کے لیے کیا گیا۔

تجربے کا مشاہدہ پاک فوج کے سینئر افسران، اسٹریٹجک اداروں کے ماہرین، سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف نے کامیاب تجربے پر ٹیم کو مبارکباد دی اور پاک فوج کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version