news
شاہ محمود قریشی: پاک بھارت جنگ باہمی خودکشی ہوگی، بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاک بھارت کشیدگی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں جوہری طاقتیں ہیں، اس لیے جنگ کسی بھی صورت میں باہمی خودکشی کے مترادف ہوگی۔ انہوں نے بھارت کے حالیہ اقدامات پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے شملہ معاہدے کی روح اور متن دونوں کی خلاف ورزی کی ہے، اور سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت سلامتی کونسل کی قراردادوں کو مسلسل نظر انداز کر رہا ہے، جو خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان کی جانب سے کی جانے والی غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کو بھارت نے مسترد کر دیا، جو دراصل ایک فالس فلیگ آپریشن کا غیر اعلانیہ اعتراف ہے۔
اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے بھی مودی حکومت کی جنگی مہم جوئی اور خطے کے امن کو خطرے میں ڈالنے کی پالیسیوں کی شدید مذمت کی تھی۔ جیل میں وکلاء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پہلگام واقعے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
عمران خان نے کہا کہ جیسے 2019ء میں پلوامہ واقعے کے بعد پاکستان نے بھارت کو ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی تھی، اسی طرح اب بھی پاکستان نے سنجیدہ تحقیقات کی بات کی، لیکن بھارت ایک بار پھر ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا اور الزام تراشی پر اتر آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی یہ پرانی روش ہے کہ داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان کو نشانہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت ایک ارب پچاس کروڑ آبادی کا ملک ہے اور اسے اپنی جوہری ذمہ داریوں کا ادراک ہونا چاہیے، اس خطے کو عالمی سطح پر پہلے ہی نیوکلیئر فلیش پوائنٹ کے طور پر دیکھا جاتا ہے، ایسے میں اشتعال انگیزی کسی کے مفاد میں نہیں۔ عمران خان نے زور دیا کہ امن پاکستان کی اولین ترجیح ہے، مگر اسے ہرگز بزدلی نہ سمجھا جائے، پاکستان کے پاس بھارتی جارحیت کا جواب دینے کی پوری صلاحیت موجود ہے، جیسا کہ 2019ء میں ان کی حکومت نے پوری قوم کے اتحاد سے ثابت کیا۔