news

اسحاق ڈار کا بھارت کو دوٹوک پیغام: پہل نہیں کریں گے، مگر جواب بھرپور دیں گے

Published

on

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال ہونے دینے کا سوچ بھی نہیں سکتا، بھارت خطے کو جنگ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کر رہا ہے، مگر پاکستان کسی صورت پہل نہیں کرے گا، البتہ اگر جارحیت مسلط کی گئی تو قومی عزم اور پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے حالیہ پہلگام واقعے کو “فالس فلیگ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بھارت کی جانب سے رچایا گیا ایک ڈرامہ ہے، جس کا مقصد بھارت کے اندر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آزادی کی تحریکوں سے دنیا کی توجہ ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس پولیس اسٹیشن میں واقعے کی ایف آئی آر درج کی گئی، وہاں تک پہنچنے میں ہی 45 منٹ لگتے ہیں جبکہ ایف آئی آر واقعے کے 10 منٹ بعد درج کی گئی، جو اس ڈرامہ بازی کا ثبوت ہے۔

وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ پانی کی بندش یا اس کا رخ موڑنا ایک جنگی اقدام تصور ہوگا۔ بھارت کو سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر معطل یا ختم کرنے کا کوئی اختیار نہیں، اور ایسا کرنا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہوگی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے فروغ کی کوشش کی ہے اور کسی بھی جارحیت کے خلاف آواز بلند کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر فوری عملدرآمد کیا گیا ہے اور عالمی رہنماؤں نے بھی پاکستان سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فضائیہ کی مہم جوئی کو بھی پاکستان نے لمحوں میں ناکام بنایا تھا، اور اگر دوبارہ ایسی کوئی کوشش کی گئی تو جواب اسی انداز میں دیا جائے گا۔ وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ خطے کی بگڑتی صورتحال کا نوٹس لے اور بھارت کو اشتعال انگیزی سے باز رکھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version