news

امریکہ نے بھارت کا دعویٰ مسترد کر دیا، پہلگام حملے کا ذمہ دار پاکستان نہیں

Published

on

واشنگٹن/نئی دہلی:
بھارت کی جانب سے پاکستان پر پہلگام حملے کی ذمہ داری ڈالنے کی کوشش ایک بار پھر ناکام ہو گئی۔ امریکہ نے بھارت کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک کسی بھی ملک کو براہ راست ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے پاکستان کو پہلگام حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا، تاہم امریکی وزیر خارجہ نے اس دعوے کو مسترد کر دیا۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ تحقیقات جاری ہیں اور کسی نتیجے پر پہنچنے سے پہلے کسی بھی فریق پر الزام عائد کرنا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ جنوبی ایشیا میں ہر حال میں امن قائم رہے اور پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

اس سے قبل بھی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ بھارت کو پہلگام واقعے کے بعد ایسا کوئی قدم نہیں اٹھانا چاہیے جو خطے میں تنازعے کو ہوا دے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور واشنگٹن کو امید ہے کہ پاکستان تحقیقات میں تعاون کرے گا۔

جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ امریکہ توقع کرتا ہے کہ دونوں ممالک ایسے ذمہ دارانہ اقدامات کریں گے جن سے خطے میں وسیع تر تنازع سے بچا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو یقین ہے کہ پاکستان دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دیگر اعلیٰ امریکی رہنماؤں نے پہلگام حملے کی مذمت تو کی ہے، لیکن پاکستان پر براہ راست الزام عائد کرنے سے گریز کیا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کو غیر انسانی عمل قرار دیتے ہوئے بھارت کی اخلاقی حمایت کا اظہار ضرور کیا، مگر اس معاملے میں ثبوتوں کی بنیاد پر مؤقف اختیار کرنے کی بات کی ہے۔

یہ ردعمل بھارت کی اُس کوشش کو بڑا دھچکا ہے جس کے تحت وہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو تنہا کرنے کی مہم چلا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version