news
مہنگائی میں ہفتہ وار اضافہ: انڈے، چکن، چینی سمیت 12 اشیاء مہنگی
مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں اضافہ ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں ایک ہفتے کے دوران انڈے، چکن، ایل پی جی، چینی سمیت 12 اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق، ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.15 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیادوں پر یہ شرح منفی 2.41 فیصد رہی۔ ادارہ شماریات کے مطابق، ایک ہفتے کے دوران 12 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11 اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں، اور 28 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
مہنگائی کی فہرست میں انڈے سرفہرست ہیں، جن کی قیمت فی درجن 13 روپے 5 پیسے بڑھ گئی ہے، جبکہ برائلر مرغی کی قیمت میں 7 روپے 12 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا۔ اسی طرح، گھریلو ایل پی جی کا سلنڈر بھی 33 روپے 75 پیسے مہنگا ہو گیا ہے۔
دیگر مہنگی ہونے والی اشیاء میں بریڈ، کیلے، دال مونگ، چینی، چاول، بیف اور لہسن شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، لہسن کی قیمت میں 7 روپے 29 پیسے فی کلو کا اضافہ ہوا۔ دوسری جانب، سستی ہونے والی اشیاء میں پیاز، ٹماٹر، آٹے کا 20 کلو تھیلا، دال مسور، گھی اور چنے شامل ہیں۔ پیاز کی قیمت 2 روپے 87 پیسے فی کلو اور ٹماٹر کی قیمت 2 روپے 5 پیسے فی کلو کم ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق، مٹن، تازہ دودھ، چائے اور دیگر اشیاء سمیت 28 آئٹمز کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔