news

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر 8 مئی کو سماعت

Published

on

اسلام آباد:
اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں۔ عدالت کا دو رکنی ڈویژن بینچ 8 مئی کو ان درخواستوں پر سماعت کرے گا، جس میں قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف شامل ہیں۔

عدالت نے یہ درخواستیں آفس اعتراضات کے ساتھ مقرر کی ہیں۔ عمران خان نے اپنی درخواست میں سزا معطل کرتے ہوئے ضمانت پر رہائی کی استدعا کی ہے، جبکہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت دی تھی۔ عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بھی سزا معطلی کی درخواست کی جلد سماعت کی درخواست کی تھی، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ “آپ دن بتا دیں، ہم دیکھ لیں گے”۔

یاد رہے کہ عدالت نے گزشتہ روز عندیہ دیا تھا کہ عمران خان کی 14 سال قید کے خلاف دائر اپیل رواں برس 2025 میں مقرر ہوتی نظر نہیں آتی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ عدالت میں مجموعی طور پر سزا کے خلاف 279 اپیلیں زیر التوا ہیں جن میں سزائے موت کی 63، عمر قید کی 73، سات سال سے زائد سزا کی 88 اور سات سال قید کی 55 اپیلیں شامل ہیں۔

رپورٹ میں نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی (NJMPC) کی فکسیشن پالیسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ 31 جنوری 2025 کو دائر ہونے والی عمران خان کی اپیل ابھی “موشن اسٹیج” پر ہے، اس پر پیپر بکس کی تیاری کے بعد ہی سماعت ہو سکتی ہے، لہٰذا موجودہ نظام کے تحت اس سال اپیل کی باقاعدہ سماعت ممکن نہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version