news
خواجہ آصف کی پہلگام واقعے پر تحقیقات کی پیشکش، بھارت کا انکار
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جو بے گناہ ہوتا ہے، صرف وہی شفاف تحقیقات کی پیشکش کرتا ہے، اور پہلگام واقعے پر پاکستان نے یہی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت کو اعتماد ہے تو دو یا تین غیر جانبدار ممالک مل کر تحقیقات کر لیں یا اقوام متحدہ کا کمیشن قائم کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف پہلے ہی بھارت کو عالمی تحقیقات کی پیشکش کر چکے ہیں۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بھارت اس تحقیقات کو تسلیم اس لیے نہیں کر رہا کیونکہ اسے ڈر ہے کہ اصل حقائق سامنے آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک-بھارت تصادم کا امکان اگرچہ کم ہوا ہے لیکن بھارت میں اس وقت سخت بوکھلاہٹ پائی جاتی ہے، اور دنیا کے بیشتر ممالک اس وقت بات چیت کے ذریعے مسئلے کے حل پر زور دے رہے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چاہے امریکہ، روس، چین، ترکی یا ایران ہو، کوئی بھی ملک پہلگام واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنی بھی کشیدگی ہو، بالآخر مذاکرات ہی واحد حل ہوتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے صرف 10 منٹ بعد ایف آئی آر درج ہونا خود اس کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے، اور خود بھارت کے اندر سے بھی اس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور ہمیشہ دہشت گردی کی ہر شکل کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے بے بنیاد اور بلا ثبوت الزامات لگا کر پہلگام واقعے کو پاکستان سے منسوب کرنے کی کوشش کی، لیکن دنیا اب آنکھیں بند کرکے کسی بیانیے کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے بھی واضح طور پر کہا تھا کہ پاکستان غیر جانبدار عالمی تحقیقات کے لیے تیار ہے، لیکن بھارت کی جانب سے دی جانے والی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پانی روکنے کی کوشش کی تو پاکستان اس کا بھرپور اور موثر جواب دے گا۔ پاکستان کی مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاک فوج کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن اپنی خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے دنیا میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔