news

وزیراعلیٰ مریم نواز کا لاہور ڈویلپمنٹ پلان کیلئے سخت ٹائم لائنز کا اعلان

Published

on

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں میں تاخیر عوام کی روزمرہ زندگی پر براہ راست اثر ڈالتی ہے، اس لیے تمام منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے لاہور ڈویلپمنٹ پلان کے پراجیکٹس کے لیے ماہانہ ٹائم لائن مقرر کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر اور چیف سیکرٹری کو ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کا ٹاسک سونپ دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت لاہور ڈویلپمنٹ پلان سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پلان کے پہلے فیز پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور مختلف منصوبوں کا تصویری معائنہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ میونسپل کارپوریشن لاہور کی 3705 گلیوں اور واسا کے زیر انتظام 230 سٹریٹس کی تعمیرو بحالی کے لیے 30 جون 2025 تک کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح واسا ورکس کے تحت مزید 1573 گلیوں کی مرمت و تعمیر کے لیے 31 جولائی کی حتمی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ پلان کے دوسرے مرحلے میں علامہ اقبال ٹاؤن، عزیز بھٹی ٹاؤن اور واہگہ ٹاؤن میں ترقیاتی کام شامل ہوں گے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ “میں خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہوں، ان کی مشکلات کو ہرگز نظرانداز نہیں کیا جا سکتا، تمام منصوبے وقت پر مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔”

یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اس سے قبل بھی صوبے کے بڑے شہروں میں مرحلہ وار ترقیاتی منصوبوں کی اصولی منظوری دے چکی ہیں۔ ان منصوبوں میں 59 بڑے شہروں میں سیوریج اور ڈرینیج انفراسٹرکچر کی تعمیر، بارش کے پانی کے نکاس کے لیے رین واٹر اسٹوریج ٹینکس، ٹیوب ویلز کی سولر انرجی پر منتقلی، اور گلیوں کی مرمت کے لیے ٹف ٹائلز کی تنصیب شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے دیہی علاقوں میں یکساں ترقی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہر دیہی قبرستان کی چار دیواری اور صفائی کو یقینی بنایا جائے، پارکس اور پلے گراؤنڈز بنائے جائیں، سائن بورڈز اور گھروں کی نمبرنگ کا نظام نافذ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے رورل روڈ بحالی پروگرام کا بھی جائزہ لیا جس کے تحت 4500 کلومیٹر دیہی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی تجویز منظور کی گئی۔ اجلاس میں یونین کونسل آفسز میں میٹنگ ہال، کونسل روم اور سیکرٹری آفس کی تعمیر کے منصوبے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version