news

اویس لغاری: 10 سالہ بجلی منصوبہ منظور، صارفین کو 4743 ارب کی بچت ہوگی

Published

on

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان نے آئندہ 10 سال (2025 سے 2034) کے لیے بجلی کا جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے، جو سستی، پائیدار اور ملکی وسائل پر مبنی توانائی کی فراہمی کی جانب ایک فیصلہ کن قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے سے آئندہ 10 سالوں میں بجلی کے صارفین کو 4743 ارب روپے کی بچت حاصل ہوگی۔

انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری ویڈیو پیغام میں بتایا کہ آج وزیراعظم نے پاور ڈویژن کی طرف سے پیش کردہ دس سالہ بجلی خریداری منصوبے کی منظوری دی۔ منصوبے کے مطابق، اگر یہ منصوبہ نہ بنایا جاتا تو اگلے دس سالوں میں 15 ہزار میگاواٹ بجلی خریدی جاتی، جس میں 7 ہزار میگاواٹ مہنگی بجلی شامل تھی۔ لیکن حکومت نے یہ فیصلہ کیا کہ 7 ہزار میگاواٹ مہنگی بجلی کے منصوبوں کو ترک کر دیا جائے تاکہ صارفین پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے دو بڑے اصولی فیصلے کیے ہیں:

آئندہ حکومت بجلی کی خریدار نہیں ہوگی بلکہ بجلی کی خرید و فروخت مارکیٹ کے ذریعے ہوگی۔

کسی بھی بجلی کی خریداری کی قیمت لاگت سے زیادہ نہیں ہوگی اور یہ عمل شفاف نیلامی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔

اویس لغاری نے مزید کہا کہ اس وقت جو پاور پلانٹس لگ رہے ہیں یا لگائے جا چکے ہیں، ان کی پالیسی میں بھی تبدیلی کی گئی ہے، جس سے صارفین کو مزید 2790 ارب روپے کی بچت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قدم آئی پی پیز کے کنٹریکٹس کی نظرثانی سے بھی بڑا ہے، کیونکہ اب ہر آنے والی حکومت اس منصوبہ بندی کی پابند ہوگی اور خود بجلی خریدنے کی مجاز نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت اور میرٹ اب پاکستان کے توانائی نظام کے نئے بنیادی اصول ہوں گے۔ بجلی کے منصوبے صرف قومی مفاد کے پیش نظر بنائے جائیں گے، جن کی لاگت کم اور فائدہ دوگنا ہوگا۔ ملکی وسائل کو ترجیح دے کر توانائی کے نظام میں بہتری لائی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version