news
آرمی چیف کا بھارت کو واضح پیغام: ہر مہم جوئی کا فوری اور ٹھوس جواب دیا جائے گا
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح اور دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہیں، اور بھارت یا کسی بھی فریق کی جانب سے کی جانے والی مہم جوئی کا فوری، ٹھوس اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ٹلہ فیلڈ فائرنگ رینجز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے منگلا سٹرائیک کور کی مشق ’’ہیمر سٹرائیک‘‘ کا مشاہدہ کیا۔ ان مشقوں کا مقصد جنگی تیاریوں، آپریشنل ہم آہنگی، اور جدید ہتھیاروں کے نظام کی کارکردگی کو حقیقی میدانِ جنگ کے تناظر میں جانچنا تھا۔ مشق میں کثیر المقاصد لڑاکا طیارے، طویل فاصلے تک مار کرنے والی توپیں، اور جدید فیلڈ انجینئرنگ تکنیکیں شامل تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فوجی دستوں نے مشق کے دوران جارحانہ چالوں کے ساتھ غیر معمولی ہم آہنگی، مہارت اور چستی کا مظاہرہ کیا، جو پاک فوج کے پیشہ ورانہ معیار، بلند حوصلے اور اعلیٰ تربیت کا ثبوت ہے۔ آرمی چیف نے افسران و جوانوں کی جنگی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان آرمی کی عملی برتری کا قابلِ فخر مظہر ہیں۔
افسران و جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کے وقار، سلامتی اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب مؤثر اور فوری ہو گا۔