news
ایئرمارشل ایس پی دھارکر برطرف، بھارتی فضائیہ میں بے چینی
بھارتی فضائیہ میں اعلیٰ سطح کی تبدیلی نے ادارے کے اندر شدید بے چینی کو جنم دیا ہے۔ بھارتی فضائیہ کے وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل ایس پی دھارکر کو عہدہ سنبھالنے کے صرف سات ماہ بعد ہی ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ ان کی جگہ ایئر مارشل نرمدیشور تیواری کو نیا وائس چیف آف ایئر اسٹاف مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایئر مارشل ایس پی دھارکر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی رافیل طیاروں کی جارحانہ پروازوں کی نگرانی پر مامور تھے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاکستانی جدید ریڈار سسٹمز نے بھارتی رافیل طیاروں کو لائن آف کنٹرول کے قریب مکمل طور پر غیر مؤثر بنا دیا۔ پاکستانی ایئرفورس کی جانب سے فوری اور مؤثر ردعمل کے بعد نہ صرف رافیل طیارے پسپا ہونے پر مجبور ہوئے بلکہ بھارتی فضائیہ کی صلاحیتوں پر بھی سوالات اٹھنے لگے۔
ایئر مارشل ایس پی دھارکر نے خود اپنے پائلٹس کی رافیل ہینڈلنگ پر عدم اطمینان ظاہر کیا تھا، جبکہ ذرائع کے مطابق یہ صورتحال ایک اور “آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ” جیسی ناکامی کی یاد دلاتی ہے۔ اس پس منظر میں ان کی برطرفی کو بھارت میں ایک بڑی عسکری تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بات بھی قابل توجہ ہے کہ یہ اقدام پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارت میں ہونے والی دوسری بڑی عسکری تبدیلی ہے۔ اس سے قبل شمالی کمان کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندر کمار کو بھی اس لیے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا کہ انہوں نے پاکستان کے خلاف فوری طور پر کسی عسکری مہم جوئی سے انکار کیا تھا۔
بھارتی اعلیٰ فوجی قیادت میں ان تیز رفتار تبدیلیوں کو ماہرین بی جے پی حکومت کے فاشسٹ ایجنڈے اور فوج کی پیشہ ورانہ خودمختاری کے درمیان بڑھتی بداعتمادی سے تعبیر کر رہے ہیں۔ اس صورتحال نے بھارتی دفاعی حلقوں میں گہری تشویش کو جنم دیا ہے۔