news
وزیراعظم شہباز شریف کا امریکی وزیر خارجہ سے رابطہ، پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں وزیراعظم نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کی، دونوں رہنماؤں نے جنوبی ایشیا میں حالیہ پیش رفت اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں 90 ہزار جانوں کی قربانی دی اور 152 ارب ڈالر سے زائد کا معاشی نقصان برداشت کیا، اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے دہشت گردوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے پر اتفاق کیا، مارکو روبیو نے جنوبی ایشیا میں امن کے لیے دونوں ممالک کے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا، اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ نے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے بھی رابطہ کیا اور پاکستان کے ساتھ مل کر کشیدگی میں کمی لانے پر زور دیا، یاد رہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے گزشتہ روز کہا تھا کہ اگر بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کیا یا پانی روکا تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا اور پاکستان اس کا بھرپور دفاع کرے گا، انہوں نے کہا کہ بھارت کی اسپانسرڈ دہشت گردی سے نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک بھی متاثر ہوئے، دفتر خارجہ میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری اور ترجمان وزارت خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کو بھارتی اقدامات سے آگاہ کیا اور ہمیشہ انسداد دہشت گردی کے لیے بین الاقوامی تعاون کو ترجیح دی، ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد مختلف ممالک کے رہنماؤں سے رابطے کیے گئے اور بھارت ہمیشہ دہشت گردی کے واقعات کا الزام پاکستان پر لگا کر اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کرتا ہے۔