news

اسحاق ڈار: بھارت کا بیانیہ عالمی سطح پر ناکام، دوست ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں

Published

on

ملک کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات عالمی سطح پر بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، اور دنیا بھر میں پاکستان کے دوست ممالک واضح اور دو ٹوک حمایت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ سینیٹ نے بھارتی جارحیت پر بھرپور ردعمل دیا ہے، اور سب سیاسی اختلافات بالائے طاق رکھ کر قومی سلامتی کے معاملے پر ایک موقف اپنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب پلوامہ واقعہ ہوا تو بھارت نے آرٹیکل 370 اے کو ختم کیا، اور اب ایک بار پھر بے بنیاد الزامات کے ذریعے خطے کا امن برباد کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ انہوں نے سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکیہ، آذربائیجان، برطانیہ، کویت، بحرین اور ہنگری کے وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا اور ان کو موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین اور ترکیہ نے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ “ہم آپ کے ساتھ ہیں”، جبکہ ترکیہ کے وزیر خارجہ نے کہا، “آپ بتائیں ہم آپ کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟”

اسحاق ڈار نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اس بار خاموشی کا کوئی آپشن نہیں، دوست ممالک کو واضح پیغام دیا گیا ہے کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں اور اس سلسلے میں پاک فوج کے ترجمان نے شواہد کے ساتھ تفصیلی بریفنگ دی ہے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ بھارت کے اندر سے بھی مودی حکومت کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں، اور خود بھارتی سیاستدان مودی سے استعفے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version