news
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہنے کا امکان، ذخیرہ اندوزی کے احکامات
ملک میں ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رہنے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے یکم مئی سے آئندہ 15 دنوں کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کسی قسم کی نمایاں تبدیلی متوقع نہیں ہے۔ صنعتی اور سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں معمولی کمی اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں ایک پیسے کا اضافہ ہو سکتا ہے، تاہم مجموعی طور پر قیمتیں موجودہ سطح پر برقرار رکھی جائیں گی۔
دوسری جانب پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی وافر مقدار ذخیرہ کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ریفائنریز کو ہدایت دی گئی ہے کہ ڈیزل اور جیٹ فیول کی زیادہ سے زیادہ دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ڈی جی آئل نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) سمیت دیگر امپورٹ کرنے والی کمپنیوں کو بروقت تیل درآمد کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک میں جیٹ فیول، ہائی اسپیڈ ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی مناسب مقدار دستیاب ہے، تاہم احتیاطی تدابیر کے طور پر ایمرجنسی پلان بھی نافذ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی ممکنہ بحران سے بچا جا سکے۔