news

محسن نقوی کا سول ڈیفنس کو فعال بنانے کا اعلان، پاک بھارت کشیدگی پر ایمرجنسی اقدامات

Published

on

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مکار دشمن کی کسی بھی حرکت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، انٹیلی جنس ناکامی کو چھپانے کے لیے دشمن کوئی بھی حربہ اختیار کر سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ڈیفنس کے دورے کے دوران کیا۔
وزیر داخلہ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہریوں کے تحفظ کے پیشگی انتظامات کا جائزہ لیا اور عملے سے ملاقات کی۔ انچارج سول ڈیفنس عامر خان نے ادارے کی کارکردگی اور تیاریوں پر بریفنگ دی۔

محسن نقوی نے ہدایت کی کہ کشیدہ صورتحال کے تناظر میں سول ڈیفنس کو ہر لحاظ سے مکمل فعال بنایا جائے، ادارے کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاریاں رکھی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں میں ہنگامی حالات سے متعلق آگاہی مہم سال بھر جاری رہنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ امن کے دنوں کے ساتھ ساتھ جنگ کے دوران بھی سول ڈیفنس کا کردار نہایت اہم ہوتا ہے، اس لیے مرکز سے صوبائی سول ڈیفنس محکموں کے ساتھ رابطے اور تعاون کو یقینی بنایا جائے۔

علاوہ ازیں، پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
آئل مارکیٹنگ کمپنی ذرائع کے مطابق، موجودہ حالات میں ڈیزل اور جیٹ فیول کی زیادہ سے زیادہ دستیابی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پی ایس او سمیت دیگر امپورٹ کرنے والی کمپنیوں کو بروقت تیل درآمد کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈی جی آئل کی جانب سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ایمرجنسی حالات سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی جاری ہو چکی ہے۔

یوں، حکومت نے ہر ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنے تمام اداروں کو الرٹ کر دیا ہے تاکہ قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version