news
ایف بی آر نے پراپرٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی سمری کابینہ کو بھیج دی
اسلام آباد:
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جائیداد پر عائد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (FED) ختم کرنے کی سمری کابینہ کو ارسال کر دی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، ذرائع نے بتایا ہے کہ کابینہ کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ سمری میں بتایا گیا ہے کہ فائلرز پر 3٪، لیٹ فائلرز پر 5٪ اور نان فائلرز پر 7٪ ایف ای ڈی عائد کی گئی تھی، جس کے نتیجے میں رئیل اسٹیٹ ٹرانزیکشنز میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی اس ایف ای ڈی کو ختم کرنے کی منظوری دے چکے ہیں، تاہم عدالت میں ایف ای ڈی کے خلاف کیس بھی زیرِ سماعت ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایف بی آر کو پراپرٹی ٹرانزیکشنز سے ایف ای ڈی کی وصولی کے درست اور شفاف اعداد و شمار موصول نہیں ہو رہے تھے، اسی لیے اس فیصلے پر نظرِ ثانی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ بجٹ کے بعد پراپرٹی ویلیوایشن ٹیبلز میں تبدیلی کی جائے گی۔
فی الحال جائیداد پر مندرجہ ذیل ٹیکسز لاگو ہیں:
کیپیٹل گین ٹیکس (CGT)
کیپٹل ویلیو ٹیکس (CVT)
ایڈوانس انکم ٹیکس
سیکشن 7E کے تحت ڈیمڈ انکم ٹیکس
خاص طور پر ڈیمڈ رینٹل انکم پر 20 فیصد ٹیکس لاگو کیا جاتا ہے، جو 2.5 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی جائیدادوں پر نافذ ہے۔
یہ اقدام رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں جمود کو توڑنے اور سرمایہ کاری کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے کیا جا رہا ہے۔