news

ترک سوشل میڈیا اسٹار ترکاں آتائے کا ماریہ بی پر نامکمل ادائیگی کا الزام

Published

on

ترکی کی مشہور ڈیجیٹل کریئیٹر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ترکاں آتائے نے پاکستانی فیشن ڈیزائنر ماریہ بی پر رقم کی نامکمل ادائیگی کا سنگین الزام عائد کیا ہے، جس کے بعد یہ معاملہ سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں کافی موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔

ترکاں آتائے، جنہوں نے پاکستان سے تعلیم حاصل کی اور اردو زبان میں کانٹینٹ بنا کر بڑی شہرت حاصل کی، ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ 2025 کے آغاز میں ماریہ بی کی ٹیم نے ان سے ترکی میں ہونے والے ایک فیشن شوٹ کے لیے رابطہ کیا۔ ان کے بقول، دونوں کے درمیان فی لباس معاوضے پر معاہدہ طے پایا کیونکہ ترکی میں اس نوعیت کے شوٹس لباس کے حساب سے چارج کیے جاتے ہیں۔

ترکاں کا کہنا ہے کہ انہوں نے نہ صرف مکمل کوٹیشن ماریہ بی کو فراہم کی بلکہ فوٹوشوٹ مکمل کیا، مواد تیار کیا اور اسے سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کیا، تاہم اس تمام کام کے باوجود مکمل ادائیگی نہیں کی گئی۔

مزید یہ کہ ترکاں کے مطابق، ماریہ بی کی ٹیم نے بعد میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ ریلس (Reels) کے حساب سے ادائیگی کرتی ہے، جو کہ اصل معاہدے سے بالکل مختلف بات تھی۔ ترکاں نے شکوہ کیا کہ تین ماہ گزرنے کے باوجود انہیں اب تک مکمل ادائیگی موصول نہیں ہوئی، جس کی وجہ سے انہوں نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ کبھی بھی ماریہ بی کے ساتھ کام نہیں کریں گی۔

اس معاملے پر ماریہ بی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم سوشل میڈیا صارفین اس تنازعے پر مختلف آراء کا اظہار کر رہے ہیں، کچھ ترکاں کی حمایت کر رہے ہیں تو کچھ معاملے کی مزید وضاحت کا انتظار کر رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version