news
حکومت کا بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کا فیصلہ
حکومتِ پاکستان نے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے کا بھرپور سفارتی جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پہلگام واقعے کے بعد بھارتی حکومت کے جھوٹے بیانیے اور ڈرامائی اقدامات کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تمام بین الاقوامی فورمز پر بھارت کے خلاف مؤثر آواز بلند کی جائے گی تاکہ عالمی برادری کو مودی حکومت کی اصل حقیقت سے آگاہ کیا جا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے ممکنہ الزامات یا پروپیگنڈے کا جواب پوری تیاری اور سخت سفارتی حکمت عملی کے تحت دیا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت کی ہر جارحیت کا مؤثر، سنجیدہ اور بروقت جواب دیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کو واضح پیغام دیا جائے گا کہ وہ اس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کر سکتا۔ پاکستان اس معاملے پر عالمی بینک سے رجوع کرنے اور ثالثی عدالت میں جانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، حکومت سفارتی محاذ پر بھرپور تیاری کر رہی ہے اور بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے مزید فیصلے حالات کے مطابق کیے جائیں گے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں جن کی روشنی میں دفتر خارجہ سفارتی سطح پر اقدامات کرے گا۔ حکومت کی جانب سے عالمی سطح پر بھارتی حکمت عملیوں کو ناکام بنانے کے لیے مربوط سفارتی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیراعظم پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے اور امکان ہے کہ بھارت کے حالیہ اقدامات کے خلاف مشترکہ قرارداد پارلیمنٹ سے منظور کرائی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کی مشاورت جاری ہے اور وزیراعظم کی منظوری سے آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، پاکستان بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات پر نظر ثانی کرنے جا رہا ہے، اور قومی سلامتی کمیٹی کی منظوری کے بعد اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد میں کمی کی جائے گی اور عملے کو واپس بھیجا جا سکتا ہے۔
حکومت نے واضح کر دیا ہے کہ پاکستان نہ صرف سفارتی بلکہ دفاعی طور پر بھی مکمل تیار ہے اور کسی بھی ممکنہ بھارتی جارحیت کو مؤثر اور فیصلہ کن انداز میں ناکام بنایا جائے گا۔