news

خواجہ آصف کا بھارت کو سخت انتباہ: ابھی نندن یاد رکھو، ہر جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے

Published

on

وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارتی دھمکیوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی یا جارحیت کی کوشش کی تو اسے 2019 کی طرح بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی نندن کو یاد رکھنا چاہیے، جس طرح ہم نے اُسے گرفتار کر کے بھارت کو اس کی حیثیت یاد دلائی، آج بھی ہم اسی پوزیشن میں ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افواجِ پاکستان، خصوصاً ایئرفورس بھرپور دفاعی صلاحیت رکھتی ہیں، اور کسی بھی بھارتی ایڈونچر کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان بطور ریاست پہلگام واقعے کی مذمت کرتا ہے، لیکن اگر بھارت ایسے واقعات کو جواز بنا کر پاکستان پر الزام تراشی کرے گا، تو ہم بھی بھرپور جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سندھ طاس معاہدے پر تفصیلی غور ہوگا، کیونکہ بھارت کی جانب سے اس معاہدے کو یکطرفہ معطل کرنے کی کوشش انتہائی غیرقانونی اور اشتعال انگیز عمل ہے۔ خواجہ آصف نے واضح کیا کہ سندھ طاس معاہدے میں عالمی ادارہ، ورلڈ بینک، ضامن ہے اور بھارت اس معاہدے کو خود سے ختم نہیں کر سکتا۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کی خواہش ہے کہ صورتحال معمول پر رہے، ہم کسی قسم کی کشیدگی یا جنگی ماحول کے خواہاں نہیں، لیکن اگر بھارت نے کوئی غلط قدم اٹھایا تو پاکستان خاموش نہیں بیٹھے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ “جب بات پاکستانیت کی آتی ہے تو پوری قوم متحد ہو جاتی ہے۔”

خواجہ آصف نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کارروائیوں میں کون ملوث ہے، یہ سب جانتے ہیں۔ انہوں نے بھارت کو مشورہ دیا کہ پہلگام حملے پر الزام تراشی کے بجائے اپنے ملک میں تفتیش کرے، ذمہ داروں کو تلاش کرے، اور دوسروں پر انگلیاں اٹھانے سے گریز کرے۔

آخر میں وزیر دفاع نے کہا کہ بھارتی حکومت پر جنگی جنون سوار ہے، مگر پاکستان کی افواج ہر وقت الرٹ اور تیار ہیں، اور اگر کوئی خطرہ ہوا تو ہم ملکی سلامتی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version