news
عالیہ حمزہ کا جوڈیشل ریمانڈ منظور، اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم
عدالت نے پاکستان تحریک انصاف پنجاب کی چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق، عالیہ حمزہ اور پی ٹی آئی کے پانچ کارکنان کے خلاف درج مقدمے کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد محفوظ فیصلہ سنایا۔ سول جج ممتاز ہنجرا نے اپنے فیصلے میں عالیہ حمزہ، نعمان، اور عادل منیر کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا، جبکہ محمد احد اور شمیم آفتاب کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کے احکامات دیے گئے۔
چیف آرگنائزر پی ٹی آئی پنجاب عالیہ حمزہ نے عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں فلسطین پر یوتھ کنوینشن تھا، اور انہیں اس سے بھی ڈر لگا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہمیں رات بھر کیوں حبس میں رکھا گیا؟ ہمارے لیے ایک نئی ایف آئی آر ایک نیا میڈل ہے، لیکن کیا تفتیشی افسر عدالت کے سامنے حلف دے گا؟ پولیس پر کسی نے پتھراؤ نہیں کیا، پولیس سے پوچھیں، میں ان کے سامنے کھڑی تھی، کسی نے ایک پتھر بھی نہیں مارا۔ گرفتار کرنے والے چار پولیس اہلکار تھے، میں نے اپنے کارکنوں سے کہا تھا کہ پرامن طور پر چلے جائیں۔ میں نے پولیس سے کہا تھا کہ کارکنان کو گرفتار نہ کریں، اگر آپ کو کرنا ہے تو کریں، میں اپنے کارکنان کو بچانے کے لیے ہر حد تک جاؤں گی، ظلم جتنا بھی ہو ہم ہنس کر سہہ لیں گے۔