news

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا خریال گیریژن میں PATS مشقوں کے اختتام پر خطاب

Published

on

راولپنڈی:
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان آرمی کردار، حوصلہ اور مہارت جیسے اعلیٰ فوجی اوصاف کی حامل ہے، جس کا مظاہرہ پاک فوج کے جوانوں نے خصوصاً دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بخوبی کیا ہے۔

یہ بات انہوں نے آٹھویں انٹرنیشنل ٹیم سپرٹ (PATS) مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جو 14 سے 18 اپریل 2025 تک خریال گیریژن میں منعقد ہوئے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اس موقع پر مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 60 گھنٹوں پر مشتمل اس سخت اور بھرپور جنگی مشق کا مقصد شرکاء کے مابین حربی مہارتوں اور پیشہ ورانہ تجربات کا تبادلہ تھا تاکہ جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ صلاحیتیں بہتر بنائی جا سکیں۔

ان مشقوں میں پاکستان آرمی کی 7 ٹیمیں، پاکستان نیوی کی ایک ٹیم اور 15 دوست ممالک کی افواج نے شرکت کی جن میں بحرین، بیلاروس، چین، سعودی عرب، مالدیپ، مراکش، نیپال، قطر، سری لنکا، ترکیہ، امریکہ اور ازبکستان شامل تھے۔

اس کے علاوہ بنگلہ دیش، مصر، جرمنی، کینیا، میانمار اور تھائی لینڈ کے نمائندوں نے بطور مبصر مشقوں کا مشاہدہ کیا۔ یہ مشقیں پنجاب کے نیم پہاڑی علاقوں میں منعقد کی گئیں، جن میں جسمانی، ذہنی اور حربی صلاحیتوں کا بھرپور امتحان لیا گیا۔

اپنے خطاب میں جنرل عاصم منیر نے تمام ٹیموں کی پیشہ ورانہ مہارت، جسمانی و ذہنی برداشت اور بلند حوصلے کو سراہا اور کہا کہ اس قسم کی مشقیں نہ صرف مشترکہ سیکھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں بلکہ فوجی حکمت عملی کو بہتر بنانے کا ذریعہ بھی بنتی ہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ PATS مشق نے وقت کے ساتھ ساتھ ایک سنجیدہ اور عالمی سطح پر معتبر فوجی مقابلے کی حیثیت اختیار کر لی ہے، جو عالمی افواج کے درمیان تعاون، ہم آہنگی اور استعداد کار میں اضافہ کا ذریعہ بن رہی ہے۔

تقریب کے اختتام پر جنرل عاصم منیر نے بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور افرد کو انعامات سے نوازا۔ مختلف ممالک کے دفاعی اتاشیوں اور بین الاقوامی مبصرین نے بھی تقریب میں شرکت کی اور پاک فوج کے پیشہ ورانہ انتظامات اور عالمی معیار کو سراہا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version