news

جماعت اسلامی کی فلسطین سے یکجہتی کیلئے 26 اپریل کو ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان

Published

on

لاہور:
نائب امیر جماعتِ اسلامی اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اعلان کیا ہے کہ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 26 اپریل کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔ اس ہڑتال کا مقصد فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کے خلاف قومی سطح پر آواز بلند کرنا ہے۔ لیاقت بلوچ کے مطابق ملک بھر کی تاجر برادری نے اس فیصلے کی حمایت کردی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 20 اپریل کو اسلام آباد میں غزہ مارچ منعقد کیا جائے گا، جو کہ ایک تاریخ ساز اور فقید المثال مارچ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پاکستان فلسطین کے مسئلے پر بزدلی، بے حسی اور مجرمانہ خاموشی ترک کرے، اور سفارتی، اقتصادی اور عسکری محاذ پر متحرک کردار ادا کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے یہ روش نہ بدلی تو عوام حکومت کے خلاف فیصلہ کن اقدام اٹھانے پر مجبور ہوں گے۔

لاہور میں ملی یکجہتی کونسل کے رہنما پیر ہارون گیلانی سے ملاقات کے دوران لیاقت بلوچ نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے بہتر ہوتے تعلقات پوری امتِ مسلمہ کے لیے نیک شگون ہیں۔ اسی طرح پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی خوش آئند ہے، دونوں ممالک ایک جسم و جان کی مانند ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ 21 اپریل کو درگاہ میاں میر پر ہدی الہادی کی میزبانی میں قومی قیادت سے رابطوں کا نیا لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

لیاقت بلوچ نے بلوچستان سے آئے ہوئے طلبہ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان کے مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کی بگڑتی صورت حال کے پیچھے کئی وجوہات ہیں، لیکن مسئلے کا حل صرف سیاسی طریقے سے ہی ممکن ہے۔ لاپتہ افراد کی بازیابی، قید خواتین کی رہائی اور وسائل پر بلوچستان کے عوام کے حق کو تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے بلوچستان کے نوجوانوں کو تلقین کی کہ مایوس ہونے کے بجائے پرامن اور جمہوری جدوجہد کا راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ پنجاب میں جماعتِ اسلامی ان کے حقوق کی مکمل حفاظت کرے گی۔

مزید برآں، کسان بورڈ اور کسان اتحاد کے وفود سے ملاقات میں لیاقت بلوچ نے حکومتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں کسانوں کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ پنجاب حکومت کے گزشتہ ایک سال کے “نمائشی اقدامات” سے زراعت کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گندم کے کاشتکاروں کو بچائے بغیر معیشت کی بحالی ممکن نہیں۔

امیر جماعتِ اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے پنجاب بھر میں جاری کسان احتجاج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کسانوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔ لیاقت بلوچ نے یقین دلایا کہ جماعتِ اسلامی ہر محاذ پر کسانوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version