news
ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 4 خوارج دہشتگرد ہلاک، سپاہی باسط شہید
سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے چار خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ڈی آئی خان میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے شدید تبادلے میں سیکیورٹی فورسز نے چار خوارج دہشتگردوں کو مار گرایا۔ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آپریشن کے دوران سپاہی باسط صدیقی نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہید سپاہی باسط کی عمر 23 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع اٹک سے تھا۔ شہید نے مادر وطن کے تحفظ کے لیے اپنی جان قربان کر کے لازوال قربانی کی مثال قائم کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مارے گئے دہشتگرد مختلف تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے اور امن و امان کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں خوارج کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ اور کلیئرنس آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔
پاک فوج اور سیکیورٹی ادارے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں ان کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔