news
زمین سے باہر زندگی کے آثار: K2-18b سیارے پر حیران کن دریافت
غیر ملکی سائنسدانوں نے ایک اہم پیشرفت میں زمین کے علاوہ ایک دور دراز سیارے پر زندگی کے ممکنہ آثار دریافت کر لیے ہیں، جسے اب تک کا سب سے مضبوط اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ آثار سیارہ K2-18b پر ملے ہیں، جو زمین سے 120 نوری سال کے فاصلے پر واقع ہے اور ایک دوسرے ستارے کے گرد گردش کر رہا ہے۔ یہ سیارہ ہمارے نظام شمسی سے باہر ہے۔
محققین نے جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کے ذریعے K2-18b کے ماحول میں دو اہم گیسوں، ڈائمتھائل سلفائیڈ (DMS) اور ڈائمتھائل ڈسلفائیڈ (DMDS) کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔ زمین پر یہ گیسیں عام طور پر سمندری مائیکرو جانداروں جیسے فائٹوپلانکٹن سے پیدا ہوتی ہیں، جو مائکروبیل حیات کی موجودگی کا مظہر ہیں۔
اگرچہ سائنسدانوں نے واضح کیا ہے کہ یہ دریافت براہ راست زندگی کا ثبوت نہیں بلکہ حیاتیاتی عمل کی ممکنہ موجودگی کی طرف ایک مضبوط اشارہ ہے، تاہم یہ ایک نئی امید اور فلکیاتی تحقیق میں پیشرفت کی علامت ہے۔
کیمبرج یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے معروف فلکیاتی طبیعیات دان نکو مدھوسودھن، جو اس تحقیق کے مرکزی مصنف ہیں، نے کہا:
“یہ پہلا موقع ہے کہ ہمیں کسی اجنبی دنیا سے ایسے اشارے ملے ہیں جو ممکنہ طور پر حیات کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا:
“یہ دریافت نظام شمسی سے باہر زندگی کی تلاش میں ایک اہم تبدیلی کا لمحہ ہے۔ ہم نے یہ ثابت کیا ہے کہ موجودہ ٹیکنالوجی کے ذریعے ممکنہ قابل رہائش سیاروں میں حیاتیاتی نشانات کی شناخت ممکن ہے۔”
ماہرین کے مطابق، یہ دریافت فلکیات میں مشاہداتی دور کی طرف ایک قدم ہے، جہاں دور دراز سیاروں کے ماحول کا بغور مطالعہ کر کے زندگی کے امکانات کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ تاہم، سائنسدانوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ان اشاروں کی تصدیق کے لیے مزید مشاہدات اور تحقیق درکار ہے۔