news
آرمی چیف عاصم منیر کا شہداء کو خراجِ عقیدت: اعزازی تقریب میں عسکری اعزازات کی تقسیم
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ شہداء اور غازی ہماری قوم کا فخر ہیں، ان کا احترام اور عزت ہر پاکستانی پر فرض ہے۔ ہماری آج کی امن و آزادی انہی بہادر سپوتوں کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔
جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقدہ ایک پروقار اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ یہ تقریب نہ صرف اعزاز یافتہ افسران اور جوانوں کے لیے باعث فخر ہے بلکہ پوری قوم کے لیے یہ ایک پیغام ہے کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور امن کے لیے ہماری افواج ہر وقت تیار ہیں۔
تقریب میں پاک فوج کے افسران و جوانوں کو جرات، شجاعت اور قوم کی بے مثال خدمت پر عسکری اعزازات سے نوازا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں سینئر فوجی افسران کے ساتھ ساتھ شہداء اور اعزاز یافتہ جوانوں کے اہل خانہ کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ ستارہ امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت سمیت مختلف اعزازات دئیے گئے، جو شہداء کے اہل خانہ نے فخر و اعزاز کے ساتھ وصول کیے۔
جنرل عاصم منیر نے اپنے خطاب میں شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم شہداء کے اہل خانہ کی قربانیوں، صبر، حوصلے اور ثابت قدمی کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عظیم خاندان ہماری قومی سلامتی کے نگہبان ہیں اور پوری قوم ان کی مقروض ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ ہمارے سپاہیوں نے کئی دہشت گرد حملے ناکام بنائے اور اہم دہشت گرد کمانڈروں کو انجام تک پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور قربانیوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔
تقریب کا اختتام شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔