news
اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے ججز تبادلہ کیس سے درخواست واپس لے لی
اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ججز کے تبادلوں کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کیس کی سماعت کل سپریم کورٹ میں ہونا ہے، تاہم بار ایسوسی ایشن کے صدر واجد گیلانی اور سیکرٹری منظور ججہ کی جانب سے باقاعدہ اتھارٹی لیٹر جاری کیا گیا ہے، جس میں درخواست واپس لینے کی منظوری دی گئی ہے۔
اس اتھارٹی لیٹر کے مطابق، ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انیس محمد شہزاد کو درخواست واپس لینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار نے ججز کے تبادلے اور سنیارٹی کے معاملے پر سپریم کورٹ میں فریق بننے کی درخواست دائر کی تھی۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی نئی سنیارٹی لسٹ معطل کرنے اور ٹرانسفر ہونے والے ججز کو کام سے روکنے کی استدعا مسترد کر دی تھی۔
یہ معاملہ سپریم کورٹ میں جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سنا، جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ اس معاملے پر سات درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیے:
“سنیارٹی کیس میں پانچوں جج بھی ہمارے سامنے درخواست لائے، کیوں نہ ہم پہلے انہی کی درخواستوں کو سنیں۔”
عدالت نے پانچ ججز کی درخواستوں پر نوٹسز جاری کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر، جسٹس خادم حسین، جسٹس محمد آصف، جوڈیشل کمیشن اور اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی نوٹس بھیج دیے، اور سماعت 17 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی ڈیپوٹیشن پر آئے ججز کو ان کے محکموں میں واپس بھیجنے سے متعلق سروس ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر وزارت قانون و انصاف سے دو ہفتوں میں جواب طلب کیا گیا تھا۔ عدالت نے اس معاملے کو سنجیدہ نوعیت کا قرار دیتے ہوئے اٹارنی جنرل سے معاونت بھی طلب کی تھی۔