news
سپریم کورٹ میں 2 نئے ججز کی نامزدگی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس طلب
سپریم کورٹ کے آئینی بینچ میں مزید دو ججز شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 18 اپریل کو طلب کر لیا ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے جوڈیشل کمیشن کے ارکان سے 28 اپریل تک نامزدگیاں طلب کی ہیں۔ یہ اجلاس چیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ میں منعقد ہوگا، جہاں آئینی بینچ کے لیے مزید دو ججز کی نامزدگیوں پر غور کیا جائے گا۔
اسی طرح، پشاور ہائیکورٹ کے مستقل چیف جسٹس اور بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز کے ناموں پر بھی غور کرنے کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 2 مئی کو طلب کیا ہے۔ اس اجلاس میں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ کی نامزدگی اور چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کے لیے ججز کے ناموں پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے پہلے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جسٹس علی باقر نجفی سمیت سپریم کورٹ میں جج تعینات کرنے کے فیصلے کے لیے ہوا تھا۔ جسٹس علی باقر نجفی کی بطور جج سپریم کورٹ تقرری 10 ممبران کی اکثریت سے کی گئی، جبکہ تین ممبران نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا یہ اہم اجلاس دو نئے ججز کی تقرری کے لیے ناموں پر غور کرنے کے لیے منعقد ہوا تھا، جو تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔