news
مستونگ بم دھماکہ: بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکار شہید، 19 زخمی
بلوچستان کے مستونگ علاقے میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 3 اہلکار شہید اور 19 زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ دشت روڈ پر کھنڈ مہسوری کے قریب ہوا، جہاں موٹرسائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول بارودی مواد کا استعمال کیا گیا۔ دھماکہ اس وقت ہوا جب بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار ڈیوٹی سے واپس لوٹ رہے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق، جیسے ہی دھماکے کی اطلاع ملی، سیکیورٹی فورسز کے اہلکار فوراً جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ جاں بحق اور زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس دھماکے میں 3 اہلکار شہید ہوئے جبکہ 19 زخمی ہیں۔ شہید اہلکاروں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام نے اس واقعے کو دہشت گردی کا حملہ قرار دیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی مستونگ کے لک پاس کے مقام پر ایک خود کش دھماکہ ہوا تھا، جہاں خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل کے اعلان پر دھرنا دیا جا رہا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔