news
پاکستان اور بیلا روس کے درمیان بڑا معاہدہ: ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع
وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بیلا روس میں ڈیڑھ لاکھ پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع کھل گئے ہیں۔ پاکستانیوں کو وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی جو بیلاروس کے شہریوں کو حاصل ہیں۔ ہنر مند پاکستانیوں کو بیلا روس بھیجنے کا معاہدہ طے پا چکا ہے۔ وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ نے بتایا کہ بیلاروس کے صدر نے ڈیڑھ لاکھ ہنر مند پاکستانیوں کو روزگار دینے کی پیشکش کی ہے، جس سے ہمارے نوجوانوں کو بیلا روس میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیلاروس کے ساتھ تعلقات کی بنیاد نواز شریف نے 2015ء میں رکھی تھی۔ اب دونوں ملکوں کے تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ بیلا روس کے دوران پاکستان اور بیلا روس کے درمیان کئی اہم معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز پاکستان اور بیلاروس نے پاکستان سے ڈیڑھ لاکھ سے زائد تربیت یافتہ اور ہنرمند نوجوانوں کو بیلا روس بھیجنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون اور تجارت میں اضافے کے حوالے سے بھی معاہدے کیے گئے ہیں۔
پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے شرکت کی۔