news
سلمان اکرم راجہ کی وضاحت: اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل PTI پالیسی کا حصہ نہیں
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ انہیں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی ڈیل کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ ڈیل کی کوششیں اعظم سواتی کی اپنی ہیں اور پی ٹی آئی کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ ہم اپنی طرف سے ایک اصولی راہ نکالنے کی کوشش کریں گے۔ لاہور کی عدالت میں پیشی کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی کی حیثیت سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی ڈیل پر کوئی بات نہیں ہو رہی۔
پی ٹی آئی آئین اور قانون کی بالادستی اور شفاف انتخابات کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ملک میں بنیادی حقوق بحال ہوں۔ اگر اعظم سواتی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات میں کوئی راہ نکالتے ہیں تو وہ اصولوں کی بنیاد پر ہونی چاہیے۔
تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی پتہ چلے گا کہ انہوں نے کسی کو مذاکرات کی دعوت دی ہے یا نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں رہنما پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں میں رکاوٹیں ڈالی جا رہی ہیں تاکہ صورتحال میں ابہام پیدا ہو۔ ہم ہمیشہ شفاف انتخابات اور قانون کی بالادستی کے خواہاں ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ لوگ اغوا نہ ہوں۔ یہ سب ہمارے نصب العین کا حصہ ہے۔