news
پاکستان اور بیلاروس کے درمیان فوجی، تجارتی و دیگر معاہدوں پر دستخط
پاکستان اور بیلاروس کے درمیان فوجی تعاون، تجارت، اور دیگر شعبوں میں کئی معاہدے اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو گئے ہیں۔ اس حوالے سے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف سرکاری دورے پر بیلاروس پہنچے، جہاں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ مسلح افواج نے انہیں سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ تقریب کے دوران پاکستان اور بیلاروس کی وزارت دفاع کے درمیان فوجی تعاون کا معاہدہ طے پایا۔
اس کے علاوہ، بیلاروس کی داخلی امور کی وزارت اور پاکستان کی وزارت داخلہ کے درمیان بھی تعاون کا معاہدہ ہوا۔ بیلاروس کی فوجی صنعت کی سٹیٹ اتھارٹی اور پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار کے درمیان 2025 سے 2027 تک فوجی تکنیکی تعاون کا روڈ میپ بھی طے کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان ری ایڈمیشن معاہدہ بھی طے پایا ہے۔ پاکستان کے ٹی ڈی اے پی (ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی) اور بیلاروس کے ایوان صنعت و تجارت کے درمیان بھی ایک معاہدہ ہوا، جبکہ بیلاروس کے محکمہ پوسٹ اور پاکستان پوسٹ کے درمیان بھی معاہدہ کیا گیا، جس کا مقصد پوسٹل خدمات کے درمیان سہولیات فراہم کرنا ہے۔