news

لوئر دیر اور ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن، 11 خوارج ہلاک

Published

on

ضلع لوئر دیر کے علاقے تیمرگرہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ایک کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، جس کے نتیجے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ خارجی سمیت دو دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، مارے جانے والوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد حفیظ اللہ عرف کوچوان بھی شامل تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 10 اور 11 اپریل کی درمیانی شب انجام دیا گیا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ خارجی حفیظ اللہ عرف کوچوان نہ صرف سیکیورٹی فورسز بلکہ معصوم شہریوں پر حملوں میں بھی ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔ حکومت پاکستان نے اس کے سر کی قیمت ایک کروڑ روپے مقرر کر رکھی تھی۔

سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر خوارج کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا اور کامیاب کارروائی کے بعد دو دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

اس اہم کامیابی پر وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ
“انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم کو اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے۔ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے اور قیامِ امن کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔”

وفاقی وزیر داخلہ نے بھی کہا کہ
“سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا، ان کی پیشہ وارانہ مہارت اور قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔”

اس سے قبل 6 اور 7 اپریل کی درمیانی شب ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹکوارہ میں کیے گئے ایک اور خفیہ آپریشن میں انتہائی مطلوب خارجی کمانڈر شیرین سمیت 9 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔ ان خوارج کے ٹھکانے کو بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا تھا، اور ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا تھا۔

یہ تمام کامیابیاں پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرأت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Trending

Exit mobile version