news
پاکستان اور انڈونیشیا کا دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور انڈونیشیا نے دفاعی، اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیافری سمسودین کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعظم نے قاہرہ میں انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانٹو سے ہونے والی ملاقات کو یاد کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاعی پیداوار، مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری، اور موجودہ دفاعی معاہدوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے پر اتفاق کیا۔ انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے صدر پرابوو کا خیرسگالی پیغام بھی پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ یہ ملاقات پاکستان اور انڈونیشیا کے بڑھتے ہوئے روابط کی علامت ہے جو خطے میں امن، ترقی اور باہمی اعتماد کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔