news
مٹی کا تیل 15 روپے مہنگا، عوام پر مہنگائی کا نیا بوجھ
وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے آغاز پر عوام کو مہنگائی کا ایک اور جھٹکا دیتے ہوئےمٹی کا تیل کی قیمت میں 15 روپے 23 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ یہ اضافہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کیا گیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ قیمت میں اس اضافے کے بعد مٹی کا تیل کی نئی قیمت 184 روپے 43 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جب کہ اس سے قبل یہی قیمت 169 روپے 20 پیسے فی لیٹر تھی۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہو چکا ہے۔ یاد رہے کہ حکومت ہر پندرہ دن کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ازسرنو تعین کرتی ہے اور حالیہ اضافے کو عوامی سطح پر سخت تنقید کا سامنا ہے، کیونکہ اس سے عام صارفین پر مہنگائی کا مزید بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔