news
اداکارہ نازش جہانگیر کو عدالت نے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا
لاہور کی کینٹ کچہری میں اداکارہ نازش جہانگیر کے خلاف استغاثہ کیس کی سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے اداکارہ کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دیا۔ سماعت کے دوران اداکارہ نازش جہانگیر کے وکیل نے عدالت میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اداکارہ کی طبیعت ناساز ہے اور وہ اسپتال میں داخل ہیں، لہٰذا انہیں حاضری سے ایک روز کی مہلت دی جائے۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے صرف ایک دن کی حاضری معافی دی اور ساتھ ہی اگلی سماعت پر اداکارہ کی بیماری کا اصل میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی طلب کر لیا۔ کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں ہوئی، جہاں اداکار اسود کی جانب سے ایڈووکیٹ چوہدری بابر پیش ہوئے۔ استغاثہ میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ نازش جہانگیر نے رقم وصول کی لیکن واپس نہیں کی، جو امانت میں خیانت کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ اداکارہ کے خلاف امانت میں خیانت سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی کا حکم دیا جائے۔