news
وزیراعظم کا ٹیکس چوروں کیخلاف کارروائی کا اعلان، ایف بی آر نظام میں اصلاحات تیز
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ٹیکس چوری کرنے والے افراد اور کاروبار کے خلاف مؤثر قانونی کارروائی کی جائے گی اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ اسلام آباد میں ایف بی آر کے امور پر منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کے نظام کو فوری طور پر ڈیجیٹائز اور خودکار بنایا جائے تاکہ محصولات میں اضافہ ممکن ہو۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلز ٹیکس چوری روکنے کیلئے نیشنل ٹارگیٹنگ سسٹم اور ای بلٹی متعارف کرائے جا رہے ہیں جبکہ بڑی شاہراہوں اور شہروں کے داخلی راستوں پر ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم نصب کیا جائے گا۔ بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں پر درآمدات و برآمدات کی نگرانی کیلئے بھی خودکار کسٹمز نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جو کہ مصنوعی ذہانت کی مدد سے کام کرے گا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام اصلاحاتی اقدامات کو جلد اور مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے، جبکہ ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔